اٹلی میں شدید گرمی کا الرٹ، ہفتہ تک 19 بڑے شہر ریڈ الرٹ کی زد میں آ جائیں گے

اٹلی کی وزارتِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث ریڈ الرٹ والے شہروں کی تعداد ہفتہ تک بڑھ کر 19 تک پہنچ جائے گی۔
وزارتِ صحت کی جانب سے گرمی کی صورتحال پر نظر رکھنے والے 27 بڑے شہروں میں سے جمعرات کو 15 شہر شدید خطرے کی کیٹیگری میں شامل تھے۔ ان میں ٹورین، بریشیا، جینوا، بولونیا، فلورنس، پیروجا، ویٹربو، ریتی، روم، فروزینونے، لاتینا، پیسکارا، کیمپوباسو، کیگلیاری اور پالرمو شامل ہیں۔
جمعہ کو میلان بھی ریڈ الرٹ کی فہرست میں شامل ہو جائے گا، جس کے بعد ایسے شہروں کی تعداد 16 ہو جائے گی۔ ہفتہ کے روز انکونا، چیویتاًویکیا اور کیٹانیا کو بھی زیادہ خطرے والے زون میں شامل کر دیا جائے گا، جس سے مجموعی تعداد 19 ہو جائے گی۔
وزارتِ صحت کے مطابق ریڈ الرٹ (لیول 3) شدید گرمی کی ہنگامی صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے، جس میں طویل عرصے تک جاری رہنے والی گرمی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، حتیٰ کہ صحت مند افراد بھی اس کے اثرات سے محفوظ نہیں رہتے۔
اٹلی رواں سال کی تیسری بڑی ہیٹ ویو کا سامنا کر رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا بھر میں شدید موسمی واقعات، جن میں گرمی کی لہریں، خشک سالی، طاقتور طوفان اور سیلاب شامل ہیں، زیادہ تواتر اور شدت کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں۔
سائنسدانوں کے مطابق عالمی حدت میں اضافے کی بنیادی وجہ کوئلہ، تیل اور گیس جیسے فوسل فیولز کا بڑے پیمانے پر استعمال ہے، جس سے گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج بڑھ رہا ہے۔
